پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی آمنے سامنے، شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمن کی اہم ملاقات اگلے2روز میں متوقع

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی آئندہ دو روز میں متوقع ملاقات میں پٹرولیم لیوی کا معاملہ مرکزی ایجنڈا ہوگا، جبکہ جماعت اسلامی نے لیوی کے خاتمے کا مطالبہ برقرار رکھا ہے۔
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال اور وزیراعظم کے معاون خصوصی رانا ثنا اللہ خان نے ان سے ٹیلی فونک رابطے کیے ہیں۔ دونوں حکومتی شخصیات نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمن کی ملاقات آئندہ دو روز میں ہوگی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی سے متعلق حکومتی کمیٹی کے ارکان نے وزیراعظم کو پیش رفت سے آگاہ کردیا ہے۔ جماعت اسلامی اس معاملے پر واضح مؤقف رکھتی ہے کہ پٹرولیم لیوی ختم کی جائے، اور وزیراعظم سے ملاقات میں بھی اسی مطالبے پر بات ہوگی۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اس رابطے کے بعد پٹرولیم لیوی کا معاملہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ تاہم مجوزہ ملاقات میں کسی حتمی فیصلے یا لیوی کے خاتمے کا اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔



