پی آئی اے کا بڑا اقدام، پہلی بار بوئنگ 787 ڈریم لائنر فضائی بیڑے میں شامل

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) پہلی بار بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کو اپنے فضائی آپریشن میں استعمال کرنے جا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک ایئرلائن سے حاصل کیے گئے دونوں طیارے برطانیہ اور یورپ کے لیے پروازیں چلانے میں استعمال ہوں گے۔
پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے طیاروں کی جانچ پڑتال شروع کردی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نادر شفیع ڈار کی سربراہی میں وفد نے اوسلو ایئرپورٹ پر پہلے طیارے کا معائنہ کیا، جس کے بعد اسے پاکستان کے لیے آپریشن کی اجازت دے دی گئی۔ دوسرے طیارے کا معائنہ پیر کو کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں طیاروں کی جانچ مکمل ہونے کے بعد انہیں لندن منتقل کیا جائے گا۔ پی آئی اے 31 اکتوبر کو بوئنگ 787 ڈریم لائنر کے ذریعے لندن سے اسلام آباد کے لیے پرواز پی کے 786 چلائے گی، جو یکم نومبر کو مسافروں کو لے کر اسلام آباد پہنچے گی۔
بوئنگ 787 ڈریم لائنر میں 358 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ نئے طیاروں کی شمولیت سے مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے 31 اکتوبر کو نئے طیارے کے ساتھ اپنے نئے یونیفارم بھی متعارف کرائے گی۔ قومی ایئرلائن نے دونوں طیارے ابتدائی طور پر چھ ماہ کے لیے ویٹ لیز پر حاصل کیے ہیں۔



