ورلڈکپ کی تیاری کے لیے تیز پچیں بنائی جائیں، شاہین آفریدی

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ ٹرائی سیریز میں قومی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی اور مشکل کنڈیشنز میں پاکستان نے دو مرتبہ ہدف کا کامیابی سے دفاع کیا۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں آخری میچ کے دوران پچ تبدیل نہیں ہوئی تھی بلکہ اوس کی وجہ سے انگلینڈ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شاہین آفریدی نے نوجوان بیٹر صائم ایوب کی حالیہ کارکردگی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ وہ اس وقت رنز نہیں کر پا رہے، لیکن گزشتہ چند سیریز میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے فارمیٹ میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں شامل رہے ہیں۔ ٹیم کو ان کی صلاحیتوں پر اعتماد ہے۔
انگلینڈ کے خلاف مقابلے سے متعلق کپتان نے کہا کہ حریف ٹیم کس ذہنیت کے ساتھ میدان میں اترے گی، اس کا اندازہ نہیں، تاہم پاکستان کی توجہ میچ جیتنے پر ہے۔ انہوں نے فخر زمان کو پاکستان کا اہم کھلاڑی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی ٹیم میں موجودگی بہت ضروری ہے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ آج کے دور میں تیز پچیں تیار ہونی چاہئیں، کیونکہ ورلڈکپ میں بھی تیز پچوں پر کھیلنا ہوگا۔ اسپنر ابرار احمد کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ وہ ٹیم کے اہم بولر ہیں اور کنڈیشنز کو دیکھ کر انہیں پلیئنگ الیون میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔
قومی کپتان نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم کیا ہے اور ٹیم میں ہر کھلاڑی کی کارکردگی سامنے آنا مثبت بات ہے۔ اپنی بولنگ کی رفتار میں کمی سے متعلق سوال پر شاہین آفریدی نے کہا کہ ان کی رفتار کم ہوئی ہے، لیکن ٹیم کو جب وکٹ کی ضرورت ہو تو اصل ترجیح وکٹ حاصل کرنا ہوتی ہے۔



