ایک شہری کے نام پر2ہزار354موٹرسائیکل،رکشےاورگاڑیاں رجسٹرڈ،28لاکھ روپے سے زائد ای چالان واجب الادا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے ہال روڈ پر نمبر پلیٹ میں ردوبدل کے معاملے کی تحقیقات کے دوران حیران کن انکشاف سامنے آیا ہے کہ ایک شہری محمد عثمان کے نام پر پنجاب میں 2 ہزار 354 موٹرسائیکلیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔

حکام کے مطابق محمد عثمان کے نام پر رجسٹرڈ گاڑیوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 2 ہزار 813 ای چالان جاری کیے جاچکے ہیں، جبکہ ان چالانوں کی مد میں 28 لاکھ 66 ہزار 900 روپے واجب الادا ہیں۔

واقعہ جنرل ہولڈ اپ کے دوران پیش آیا، جب ٹریفک اہلکاروں نے ایک موٹرسائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا۔ موٹرسائیکل کی ملکیت اور ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس کے رجسٹرڈ مالک کے نام پر ہزاروں موٹرسائیکلیں، رکشے اور گاڑیاں موجود ہیں۔

پولیس نے موٹرسائیکل تھانہ قلعہ گجر سنگھ میں بند کردی ہے، جبکہ اصل مالک کی تلاش اور معاملے کی مزید چھان بین کے لیے سیف سٹی حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کردیا گیا ہے۔ سی ٹی او کے مطابق قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی جاری ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس فلیشر لائٹس کے غیر قانونی استعمال، غیر قانونی سبز نمبر پلیٹس اور نمبر پلیٹس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ تاہم ایک شہری کے نام پر اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں کے اندراج کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button