سعودی عرب کے4اہم علاقوں میں ہنگامی الرٹ،چند منٹ بعدواپس لینےکافیصلہ

ریاض (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے ملک کے مغربی حصے کے چار علاقوں مکہ مکرمہ، جدہ، طائف اور ساحلی شہر ینبع میں ممکنہ خطرے سے متعلق ہنگامی انتباہ جاری کرنے کے چند منٹ بعد ہی واپس لے لیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ابتدائی انتباہ میں متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ فوری طور پر قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہوجائیں۔ تاہم حکام کی جانب سے الرٹ واپس لیے جانے کے بعد اس کے اجرا کی وجہ سے متعلق تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

مکہ مکرمہ مسلمانوں کے لیے مقدس ترین شہر ہے، جبکہ جدہ بحیرۂ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کا اہم شہر ہے۔ طائف اور ینبع بھی مغربی سعودی عرب کے اہم علاقے ہیں۔

محکمہ شہری دفاع نے انتباہ واپس لینے کے باوجود شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی۔ حکام نے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے یا ان کے خلاف کارروائی سے متعلق تصاویر اور معلومات سوشل میڈیا سمیت دیگر ذرائع پر شیئر کرنے کے خلاف قانونی تنبیہ بھی دہرائی۔

رپورٹ کے مطابق فوری انتباہ جاری کیے جانے کی وجہ، کسی میزائل یا ڈرون کی موجودگی اور ممکنہ نقصان کے بارے میں کوئی تفصیلی وضاحت فراہم نہیں کی گئی۔ اسی طرح الرٹ واپس لیے جانے کے بعد ان علاقوں میں کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔

مزید خبریں

Back to top button