زچگی کے بعددیپیکا پاڈوکون کی واپسی کی تیاریاں، شاہ رخ خان کے ساتھ پھر جلوہ گر ہونے کا امکان

ممبئی (جانو ڈاٹ پی کے) دیپیکا پاڈوکون کی زچگی کے بعد فلمی دنیا میں واپسی، شاہ رخ خان کی فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ 26 اکتوبر سے شروع کرنے کی اطلاعات
بالی ووڈ اداکارہ دیپیکا پاڈوکون زچگی کی چھٹیوں کے بعد دوبارہ فلمی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی میڈیا اور ورائٹی کی رپورٹس کے مطابق اداکارہ 26 اکتوبر سے شاہ رخ خان کی آنے والی ایکشن تھرلر فلم ’کنگ‘ کی شوٹنگ میں شامل ہوسکتی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دیپیکا پاڈوکون اور شاہ رخ خان ممبئی میں فلم کے ایک شاندار گانے کی شوٹنگ کے لیے ایک بار پھر ساتھ نظر آئیں گے۔ گانے کی کوریوگرافی ویبھاوی مرچنٹ کریں گی، جبکہ فلم کی دیگر کاسٹ کی بھی اس میں شرکت متوقع ہے۔ تاہم گانے کے نام اور موسیقار کے حوالے سے تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دیپیکا پاڈوکون اور رنویر سنگھ نے 19 ستمبر 2026 کو اپنے دوسرے بچے کا استقبال کیا تھا۔ زچگی کے بعد اداکارہ کی ممکنہ واپسی کی خبر پر ان کے مداحوں میں دلچسپی پائی جا رہی ہے۔
شاہ رخ خان اور دیپیکا اس سے قبل ’اوم شانتی اوم‘، ’چنئی ایکسپریس‘، ’ہیپی نیو ایئر‘، ’پٹھان‘ اور ’جوان‘ سمیت متعدد فلموں میں ایک ساتھ کام کرچکے ہیں۔
فلم ’کنگ‘ میں سہانا خان، رانی مکھرجی، ابھیشیک بچن اور ارشد وارثی سمیت دیگر فنکاروں کی شرکت بھی متوقع ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تقریباً 450 کروڑ بھارتی روپے کے بجٹ سے بننے والی یہ ایکشن تھرلر فلم 24 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز کیے جانے کا امکان ہے۔
تاہم دیپیکا کی شوٹنگ میں شرکت، گانے اور فلم سے متعلق زیرِ گردش دیگر تفصیلات کی باضابطہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔



