چھاتی کے کینسر سے آگاہی مہم، پاکستان کرکٹ ٹیم 25 اکتوبر کو گلابی کٹ پہنے گی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی بڑھانے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 25 اکتوبر کو انگلینڈ کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں گلابی کٹ زیب تن کرے گی۔
پی سی بی کے مطابق قذافی اسٹیڈیم لاہور میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والا میچ چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے لیے مخصوص ہوگا۔ اس موقع پر بورڈ نے خصوصی فین شرٹس کی نیلامی کا اعلان بھی کیا ہے، جن پر قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے دستخط ہوں گے۔
اعلان کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور سابق کپتان بابر اعظم کے دستخط شدہ شرٹس نیلامی کے لیے پیش کی جائیں گی۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم چھاتی کے کینسر سے متاثرہ خواتین کے علاج پر خرچ کی جائے گی۔
پی سی بی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد ان خواتین کی مدد کرنا ہے جو مالی مشکلات کے باعث علاج کے اخراجات برداشت نہیں کر سکتیں۔ خصوصی شرٹس کی نیلامی کے ذریعے شائقین کو قومی کھلاڑیوں کی یادگار شرٹس حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ ایک اہم انسانی مقصد میں حصہ لینے کا موقع بھی ملے گا۔
بورڈ نے اس اقدام کے ذریعے چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پھیلانے، متاثرہ خواتین کی معاونت کرنے اور قیمتی جانیں بچانے کی کوششوں میں عوامی شرکت کی اہمیت کو اجاگر کیا ہے۔



