ایس ایس پی بدین کی کڈھن میں کھلی کچہری،شہریوں کے مسائل کے فوری حل کیلئے احکامات جاری

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ / پی کے)منشیات کے خاتمے، ٹریفک کی روانی، تجاوزات کے خاتمے اور تھانے پر اضافی نفری کی تعیناتی سے متعلق شہریوں کی شکایات پر اقدامات کی یقین دہانی۔ شہریوں نے کھلی کچہری کے اقدام کو سراہا ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کی جانب سے شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر سننے، پولیس اور عوام کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانے اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے ضلع بھر میں ہفتہ وار کھلی کچہریوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں آج کڈھن شہر میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں شہریوں نے بھرپور شرکت کرتے ہوئے اپنے مسائل اور شکایات پیش کیں کھلی کچہری کے دوران شہریوں نے آئس اور دیسی شراب سمیت دیگر منشیات کی روک تھام، چوری اور قتل کے مقدمات میں میرٹ پر تفتیش، شہر میں تجاوزات کے مسائل، ٹریفک پولیس کی تعیناتی اور تھانہ کڈھن میں اضافی پولیس نفری فراہم کرنے سمیت مختلف امور پر ایس ایس پی بدین کو آگاہ کیا اور اپنی تجاویز پیش کیں ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی نے شہریوں کی شکایات اور مسائل بغور سنے اور متعلقہ افسران کو ان کے فوری ازالے اور قانون کے مطابق ضروری اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کیں اس موقع پر ایس ایس پی بدین نے کہا کہ پولیس کی اولین ترجیح عوام کے جان و مال کا تحفظ، جرائم کی روک تھام اور شہریوں کو بروقت انصاف کی فراہمی ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ ضلع بدین کو آئس جیسی مہلک منشیات سے پاک کیا جائے، جبکہ دیگر منشیات کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی انہوں نے مزید کہا کہ کڈھن شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور شہریوں کو درپیش مشکلات کے حل کے لیے ٹریفک پولیس کے جوان تعینات کیے جائیں گے، جبکہ تھانہ کڈھن میں اضافی پولیس نفری کی فراہمی کے لیے بھی اقدامات کیے جائیں گے۔ شہر سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے ضروری کارروائی عمل میں لائی جائے گی ایس ایس پی بدین نے واضح کیا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوامی مسائل کو براہِ راست سننا، پولیس سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کرنا، شفاف اور میرٹ پر تفتیش کو یقینی بنانا اور پولیس و عوام کے درمیان اعتماد اور رابطے کو مزید مستحکم کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کی جائز شکایات پر قانون اور میرٹ کے مطابق کارروائی کی جائے گی کھلی کچہری میں شریک شہریوں نے ایس ایس پی بدین کی جانب سے عوامی مسائل سننے اور ان کے حل کے لیے کھلی کچہری منعقد کرنے کے اقدام کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ پیش کیے گئے مسائل پر عملی اقدامات کیے جائیں گے کھلی کچہری میں ڈی ایس پی بدین شکیل احمد سولنگی، ایس ایچ او تھانہ کڈھن انسپکٹر غلام حیدر پنھور، انچارج ڈی آئی بی انسپکٹر محمد خان سومرو، انچارج سی آئی اے انسپکٹر علن خان عباسی، انسپکٹر عاشق علی، چیئرمین ٹاؤن کڈھن صدام حسین جمالی، پریس کلب کڈھن کے صحافیوں اور کڈھن و گردونواح کے علاقہ مکینوں نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button