کاہنہ میں خاتون سے مبینہ زیادتی کا الزام، سی سی ڈی اہلکار کے خلاف مقدمہ درج

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)لاہور کے علاقے کاہنہ میں سی سی ڈی کے ایک اہلکار محمد شبیر کے خلاف خاتون کو مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنانے اور اس کی برہنہ حالت میں ویڈیو بنانے کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس حکام سے رجوع کرنے کے بعد کارروائی کے لیے درخواست دی۔مقدمے کے متن کے مطابق کوٹ لکھپت کی رہائشی خاتون یکم اکتوبر کو کاہنہ بازار گئی، جہاں اس کا موبائل فون گم ہوگیا۔ موبائل فون کی گمشدگی کی رپورٹ کے لیے وہ تھانہ کاہنہ پہنچی، جہاں اس کی ملاقات سی سی ڈی اہلکار شبیر سے ہوئی۔ایف آئی آر میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اہلکار نے خاتون سے موبائل فون نمبر حاصل کرنے کے بعد اسے کال کی اور فون ٹریس ہونے کا کہہ کر آہلو روڈ بلایا۔ خاتون کے وہاں پہنچنے پر مبینہ طور پر اہلکار اسے حمیرا بی بی نامی خاتون کے گھر لے گیا، جہاں اسلحے کے زور پر جنسی زیادتی کی اور برہنہ حالت میں ویڈیو بنائی۔متاثرہ خاتون کا مؤقف ہے کہ مقدمہ درج کرانے کے لیے تھانہ کاہنہ سے رجوع کیا تاہم وہاں مبینہ طور پر ٹال مٹول کی گئی۔ بعدازاں وہ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کی کھلی کچہری میں پیش ہوئی، جہاں اس کی درخواست پر داد رسی کی گئی اور مقدمہ درج کر لیا گیا۔



