اسلام آبادمیں بلدیاتی انتخابات کابگل بج گیا،20دسمبر کو پولنگ ہوگی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ہدایات جاری کرتے ہوئے ان پر من و عن عمل درآمد کا حکم دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا شیڈول 21 اکتوبر کو جاری کیا گیا تھا، کاغذات نامزدگی 2 نومبر سے ریٹرننگ افسران وصول کریں گے، جبکہ انتخابی نشانات 26 نومبر کو الاٹ کیے جائیں گے۔ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ 20 دسمبر کو ہوگی۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت کی ہے کہ تمام ریٹرننگ افسران کو دفاتر، عملہ، ضروری سامان اور ٹرانسپورٹ فراہم کی جائے۔ تمام متعلقہ سرکاری محکموں سے پولنگ عملے کے لیے افسران کی فہرستیں حاصل کی جائیں اور پولنگ اسٹیشنز کے لیے مختص عمارتوں کو اچھی حالت میں رکھا جائے۔

ہدایات میں مزید کہا گیا ہے کہ ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر کو مکمل معاونت فراہم کی جائے، جبکہ انتخابات سے قبل، پولنگ کے روز اور بعد میں ریٹرننگ افسران کے دفاتر کو مکمل سیکیورٹی مہیا کی جائے۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی سامان اور پولنگ عملے کی ترسیل کے لیے جامع ٹرانسپورٹ پلان بنانے، انتخابی مواد کی پیکنگ اور تقسیم کے لیے مناسب عملہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ہدایات پر عمل درآمد میں غفلت کی صورت میں الیکشنز ایکٹ کی دفعہ 55 کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ یہ ہدایات ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ الیکشنز چوہدری ندیم قاسم نے جاری کی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button