اسلام آباد میں مین ہیٹن طرز کارہائشی منصوبہ بنانے کااعلان،محسن نقوی کی سعودی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت

محسن نقوی نے بتایا کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے ون ونڈو آپریشن متعارف کرایا جائے گا، جس کے تحت منصوبوں کی منظوری اور دیگر ضروری امور ہفتوں یا مہینوں کے بجائے چند دنوں میں مکمل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
وفاقی وزیر کے مطابق اسلام آباد میں مین ہیٹن طرز کا ایک جدید منصوبہ بنانے کا ارادہ ہے، جس میں مرکزی پارک کے گرد رہائشی عمارتیں اور دیگر سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ اس منصوبے کا مقصد شہر میں جدید طرزِ رہائش اور تفریحی سہولتوں کے مواقع پیدا کرنا ہے۔
انہوں نے اسلام آباد کے سفاری پارک کو بھی بہتر بنانے کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں جانوروں کی تعداد بڑھانے اور تفریحی سہولتوں میں اضافہ کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں تفریحی سرگرمیوں اور رئیل اسٹیٹ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے لیے گنجائش موجود ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ منصوبوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بڑھانے اور شفافیت یقینی بنانے کے لیے نیلامی کے عمل میں متعلقہ فریقوں کو شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی سرمایہ کار پاکستان میں جدید رہائشی اور تفریحی منصوبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔



