پی ایس ایل:فرنچائزز کو ایک ایک مارکی کھلاڑی براہ راست سائن کرنے کی اجازت

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی زیرِ صدارت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کے اجلاس میں سیزن 12 کے لیے اہم فیصلے کر لیے گئے۔ اجلاس میں طے پایا کہ پی ایس ایل 12 کی پلیئر آکشن 23 جنوری کو ہوگی، جبکہ ٹورنامنٹ 18 مارچ سے 2 مئی تک پاکستان کے پانچ سے چھ شہروں میں منعقد کیا جائے گا۔
اجلاس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔
گورننگ کونسل کے فیصلے کے مطابق فرنچائزز کے لیے ڈائریکٹ سائننگ کا عمل 23 اکتوبر سے 23 نومبر تک جاری رہے گا۔ ہر فرنچائز ایک مارکی کھلاڑی کو براہ راست سائن کرسکے گی، تاہم شرط یہ ہے کہ متعلقہ کھلاڑی پی ایس ایل کے گزشتہ دو سیزنز میں شریک نہ ہوا ہو۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پی ایس ایل کی کرکٹ ورکشاپ آئندہ ہفتے منعقد ہوگی، جبکہ نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے گولڈ اور سلور ایونٹس بھی پی ایس ایل 12 سے پہلے کرائے جائیں گے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے۔ ان کے مطابق گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا اور بورڈ اسی کامیابی کے تسلسل کو آگے بڑھائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ اس مرتبہ پی ایس ایل کے مقابلے زیادہ شہروں میں منعقد کرنے کا ارادہ ہے۔ دوسری جانب پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ اب ہر فرنچائز کی جانب سے سیزن 12 کے لیے بہترین اسکواڈ تیار کرنے کی دوڑ شروع ہوگئی ہے۔



