دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، عاصم منیر کا واضح اعلان

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے)آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں صوبے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں، بارڈر مینجمنٹ اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے ہدایت کی کہ سیکیورٹی خطرات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ہر وقت چوکس رہا جائے اور آپریشنل تیاریوں کا اعلیٰ معیار برقرار رکھا جائے۔آرمی چیف نے واضح کیا کہ پاکستان میں سرپرستی حاصل کرنے والی دہشت گرد تنظیموں کے خلاف کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی اور دہشت گرد جہاں کہیں بھی پائے جائیں گے، انہیں مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا جائے گا۔انہوں نے سیکیورٹی فورسز کے شہدا اور غازیوں سمیت پاکستانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کی بھرپور حمایت سے پاکستان دہشت گردوں اور ان کے گمراہ کن نظریات کو شکست دے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور آمد پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔



