لاہور میں خونی ٹریفک حادثات روکنے کیلئے بڑا فیصلہ، ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا سالانہ میڈیکل بورڈ سے معائنہ ہوگا

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)پنجاب حکومت نے جان لیوا ٹریفک حادثات کی روک تھام کیلئے ٹرالرز اور دیگر کمرشل ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کی سالانہ طبی اور نفسیاتی جانچ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ اقدامات کے تحت ڈرائیورز کی نظر، کلر بلائنڈنس، نفسیاتی کیفیت اور عمومی صحت کا معائنہ کیا جائے گا تاکہ سڑکوں پر انسانی جانوں کو لاحق خطرات کم کیے جاسکیں۔

ٹریفک حکام کے مطابق لاہور میں کمرشل گاڑیاں مجموعی ٹریفک کا صرف 4 فیصد ہیں، لیکن جان لیوا حادثات میں ان کا حصہ 44 فیصد بتایا گیا ہے۔ اسی تشویش ناک صورتِ حال کے پیش نظر کمرشل ڈرائیورز کی طبی اور نفسیاتی جانچ کو مؤثر بنانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے کمرشل ڈرائیورز کے لائسنس کی تجدید کیلئے میڈیکل سرٹیفکیٹ کے ساتھ سی آر او ریکارڈ بھی لازمی قرار دینے کی تجویز دی ہے۔ حکام کے مطابق ہیوی گاڑیوں کے ڈرائیورز کا سالانہ معائنہ میڈیکل بورڈ سے کرانے کے علاوہ بلڈ ٹیسٹ اور مکمل طبی جانچ کے بعد سرٹیفکیٹ جاری کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور ہے۔

ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ نیند کی کمی اور مختلف بیماریوں کے باعث ڈرائیونگ کے دوران ڈرائیورز کے ہوش و حواس متاثر ہوسکتے ہیں، جس سے سنگین حادثات کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ مجوزہ اقدامات کا مقصد ایسے خطرات کی بروقت نشاندہی اور قیمتی انسانی جانوں کا تحفظ ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق لاہور میں رجسٹرڈ گاڑیوں کی تعداد 82 لاکھ 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ ٹریفک حکام کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ٹریکٹر ٹرالیاں مجموعی گاڑیوں کا 0.7 فیصد ہیں، تاہم حادثات میں ان کی شمولیت 10 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح ٹرک اور ڈمپرز گاڑیوں کی مجموعی تعداد کا 0.6 فیصد ہیں، جبکہ حادثات میں ان کا حصہ 11 فیصد بتایا گیا ہے۔ مزدا گاڑیاں مجموعی گاڑیوں کا 0.8 فیصد ہیں، لیکن حادثات میں ان کی شمولیت 8 فیصد ریکارڈ ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق بسیں، کوسٹرز اور فلائنگ کوچز مجموعی گاڑیوں کا 0.7 فیصد ہیں، جبکہ حادثات میں ان کا حصہ 7 فیصد ہے۔ پک اپ گاڑیوں کی تعداد مجموعی گاڑیوں کا 0.5 فیصد ہے، تاہم حادثات میں ان کی شمولیت 4 فیصد رہی۔

حکام کے مطابق ٹریلرز مجموعی گاڑیوں کا صرف 0.2 فیصد ہیں، لیکن حادثات میں ان کی شمولیت 2 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے۔ ان اعداد و شمار کی روشنی میں کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کی طبی اہلیت کی جانچ کو حادثات کی روک تھام کیلئے اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button