راولپنڈی رنگ روڈ کے افتتاح کی تیاریاں تیز،مریم نواز سے28اکتوبر کی تاریخ لینے کی درخواست

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے افتتاح کے لیے انتظامات شروع کر دیے گئے ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز منصوبے کا افتتاح کریں گی۔ افتتاحی تقریب بانٹھ انٹرچینج، جی ٹی روڈ پر منعقد ہونے کا امکان ہے، تاہم حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق افتتاح 28 اکتوبر یا نومبر کے پہلے ہفتے میں متوقع ہے۔

راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (آر ڈی اے) کے ذرائع کے مطابق 38.3 کلومیٹر طویل رنگ روڈ کے چار انٹرچینجز پر کام 99 فیصد مکمل ہو چکا ہے، جبکہ منصوبے کے دوسرے پیکیج کے تحت ٹولنگ سسٹم نصب کیا جا رہا ہے۔ حکام کی کوشش ہے کہ افتتاح سے قبل ٹولنگ سسٹم کو فعال بنانے کے انتظامات مکمل کر لیے جائیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹولنگ سسٹم پنجاب رنگ روڈ اتھارٹی کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ منصوبے کے آپریشن اور دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی اسی اتھارٹی کے پاس ہوگی۔ رنگ روڈ کے پہلے پیکیج کا روٹ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ تیسرے پیکیج کے تحت تھلیاں انٹرچینج کے لیے اراضی حاصل کر لی گئی ہے۔آر ڈی اے ذرائع کے مطابق منصوبے کے آخری انٹرچینج، تھلیاں براڈمیڈ انٹرچینج، کی تعمیر بعد میں مکمل کی جائے گی۔ تاہم اس کی تکمیل سے پہلے ہی رنگ روڈ کو موٹروے سے منسلک کر دیا گیا ہے۔دوسری جانب پنجاب حکومت کی ورکنگ پارٹی نے راولپنڈی رنگ روڈ منصوبے کے 50 ارب 40 کروڑ روپے مالیت کے تیسرے نظرثانی شدہ پی سی ون کی منظوری دے دی ہے۔ نظرثانی شدہ پی سی ون میں تھلیاں براڈمیڈ انٹرچینج کی تعمیراتی لاگت بھی شامل کی گئی ہے۔حکام کے مطابق افتتاح کی حتمی تاریخ طے ہونا باقی ہے، جبکہ ٹولنگ سسٹم کی تنصیب اور دیگر انتظامات مکمل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button