گھوٹکی:رونتی کچے میں شہید بینظیر بھٹو اسپورٹس فیسٹیول کے انتظامات مکمل،مقابلے22 اکتوبر سے شروع ہوں گے

گھوٹکی ( رپورٹ وجے کمارچاولا )  رونتی کچے میں کھیلوں کے میلے کے انعقاد کے لیے میدان تیار کر لیا گیا، بچوں کو تفریحی ماحول فراہم کرنے کے لیے جھولے بھی لگا دیے گئے،  22 اکتوبر سے کھیلوں کے مختلف مقابلوں کا آغاز ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق رونتی کچے میں پہلے شہید محترمہ بینظیر بھٹو تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر گھوٹکی منظور احمد اور ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران کی مشترکہ صدارت میں انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون بشارت حسین، اے ڈی سی ٹو ماجد حمید، اسسٹنٹ کمشنر اوباڑو ایشاء زہرا، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر نثار احمد چانڈیو سمیت ڈی ایچ او، ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک، ڈی ایم پی پی ایچ آئی اور ریسکیو 1122 کے افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ کچے میں کھیلوں کے میلے کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے ڈی ایچ او کو ہدایت کی کہ تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول کے دوران میڈیکل کیمپ قائم کیا جائے۔ اسی طرح لائیو اسٹاک کا کیمپ بھی قائم کیا جائے تاکہ علاقے کے لوگوں کو سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ اس موقع پر ایس ایس پی گھوٹکی محمد انور کھیتران نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رونتی کچے میں تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور امن و امان کی صورتحال بہتر ہے۔ تاہم، عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے اور انہیں بلاخوف و خطر تفریحی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کرنے کے لیے فول پروف سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button