پی آئی اے کا برمنگھم کیلیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ،بغداد سے پاکستان کی پروازیں بحال

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے برطانیہ کے مزید شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا جبکہ عراق سے پاکستان کے لیے براہ راست پروازیں دوبارہ بحال ہوگئیں۔
نجی ٹی وی کو ذرائع سے ملنے والی اطلاع کے مطابق فلائی بغداد نے کئی ماہ بعد پاکستان کے لیے براہ راست پروازوں کا دوبارہ آغاز کردیا۔
ذرائع کے مطابق لمبے عرصے کے بعد بغداد سے پہلی پرواز آئی ایف 331، 100 سے زائد مسافروں کو لے کر کراچی پہنچی۔ ذرائع کے مطابق خطے میں جنگ کے باعث سیکورٹی پیش نظر فلائی بغداد نے پاکستان کے لیے اپنی پروازیں بند کی تھیں۔
دوسری جانب پی آئی اے نے برطانیہ کے مزید شہروں کے لیے فلائٹ آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ جس کے تحت یکم دسمبر کو برمنگھم کیلیے فضائی آپریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی تیار کرلی گئی ہے۔
پاکستان اور برمنگھم کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں آپریٹ ہوں گی جبکہ پی آئی اے کی پروازیں منگل، جمعرات اور ہفتہ کو ملک کے دارلخلافہ سے برمنگھم روانہ ہوں گی۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے بوئنگ طیارے برمنگھم کے فلائٹ آپریشن کے لیے استعمال کرے گا۔



