فرح عظیم شاہ کی مولانا فضل الرحمان سے غیر ذمہ دارانہ بیانات سے گریز کی اپیل

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے)رکن بلوچستان اسمبلی فرح عظیم شاہ نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات اور الزام تراشی کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں غیر ذمہ دارانہ بیانات اور بے بنیاد الزامات سے گریز کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں سیاسی قیادت کو تدبر، تحمل اور قومی یکجہتی کو ترجیح دینی چاہیے۔

کوئٹہ میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ پاکستان ان کے لیے سب سے مقدم ہے اور امن کے قیام کے لیے ملک کے کردار کو دنیا بھر میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ ان کے مطابق دفاعی صلاحیت ہو یا سفارتی میدان، پاکستان کامیابیوں کی جانب گامزن ہے، تاہم جب بھی ملک ترقی کرتا ہے تو دشمن سرگرم ہو جاتے ہیں اور پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے منظم پروپیگنڈا کیا جاتا ہے۔

فرح عظیم شاہ نے کہا کہ یہ وقت پاکستانی قوم کے اتحاد اور یکجہتی کو مضبوط بنانے کا ہے، جس میں سیاسی قیادت کا کردار انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم مولانا فضل الرحمان سے مثبت، تعمیری اور ذمہ دارانہ کردار کی توقع رکھتی ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان کی کارکردگی کا ذکر کرتے ہوئے فرح عظیم شاہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ان کی کوششوں کو یاد رکھا جائے گا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان ہمیشہ ریاستی مؤقف کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ سے ملاقات کرکے ان کے دکھ میں شریک ہوتے ہیں۔

انہوں نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صورت حال کا موازنہ کرنے سے بھی گریز کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں صوبوں کے حالات مختلف ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کا مسئلہ عارضی ہے اور اسے جلد ختم کردیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button