سرکاری حج اسکیم، دوسری قسط جمع کرانے کی آخری مہلت میں ایک روز کی توسیع

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے)سرکاری حج اسکیم کے تحت حج واجبات کی دوسری قسط جمع کرانے کی تاریخ میں ایک روز کی توسیع کردی گئی ہے، جس کے بعد عازمینِ حج آج رات 12 بجے تک اپنی ادائیگیاں جمع کرا سکتے ہیں۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق مقررہ تاریخ تک تقریباً 1200 عازمینِ حج نے دوسری قسط جمع نہیں کرائی، جنہیں ادائیگی کی یاد دہانی کے لیے انفرادی پیغامات بھی ارسال کیے جارہے ہیں۔
وزارت مذہبی امور نے واضح کیا ہے کہ رہ جانے والے عازمین کے لیے واجبات جمع کرانے کا آج آخری موقع ہے۔ مقررہ وقت تک دوسری قسط جمع نہ کرانے کی صورت میں ان کی حج درخواست منسوخ کردی جائے گی۔
ترجمان کے مطابق درخواست منسوخ ہونے کی صورت میں متعلقہ عازمین کو پہلی قسط واپس کردی جائے گی۔ عازمینِ حج کو ہدایت کی گئی ہے کہ درخواست کی منسوخی سے بچنے کے لیے مقررہ وقت کے اندر اپنی ادائیگی مکمل کرلیں۔



