وزیراعظم شہباز شریف کا مالدیپ کے صدر کا پرتپاک استقبال، گارڈ آف آنر پیش

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو کے اعزاز میں وزیراعظم ہاؤس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد ہوئی، جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان مصافحہ ہوا اور خوشگوار جملوں کا تبادلہ کیا گیا۔
تقریب کے آغاز پر پاکستان اور مالدیپ کے قومی ترانے بجائے گئے، جبکہ مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے مالدیپ کے صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ڈاکٹر محمد معیزو نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے ارکان کا مالدیپ کے صدر سے تعارف کرایا، جبکہ ڈاکٹر محمد معیزو نے وزیراعظم کو اپنے وفد میں شامل ارکان سے متعارف کرایا۔
بعد ازاں مالدیپ کے صدر نے وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں پودا لگایا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی ترقی، خوشحالی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔



