سائبر جرائم کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن، ایک ماہ میں 1,129 ملزمان گرفتار، 10 کروڑ روپے سے زائد رقم برآمد

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے ملک بھر میں سائبر جرائم کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے ایک ماہ کے دوران 1,129 ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ مختلف آپریشنز کے دوران 10 کروڑ 53 لاکھ روپے برآمد کرکے متاثرین کو واپس لوٹا دیے گئے۔
این سی سی آئی اے کی ایک ماہ کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر جنرل سید علی ناصر رضوی کے عہدہ سنبھالنے کے بعد گزشتہ ماہ ایجنسی کو مجموعی طور پر 5,176 شکایات موصول ہوئیں، جن پر 4,491 انکوائریز درج کی گئیں۔
رپورٹ کے مطابق انکوائریز مکمل ہونے کے بعد سائبر جرائم میں ملوث عناصر کے خلاف 272 مقدمات درج کیے گئے، جبکہ ملک گیر کارروائیوں کے دوران 1,129 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ مختلف آپریشنز میں برآمد ہونے والی 10 کروڑ 53 لاکھ روپے کی رقم سائبر جرائم سے متاثرہ افراد کو واپس کردی گئی۔
ڈی جی این سی سی آئی اے سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہریوں کا ڈیجیٹل تحفظ ایجنسی کی اولین ترجیح ہے اور سائبر جرائم کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل درآمد جاری رکھا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل دنیا قومی زندگی کا لازمی حصہ بن چکی ہے، اس لیے شہریوں، اداروں اور ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کا تحفظ محض قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک اہم قومی ضرورت بھی ہے۔
این سی سی آئی اے کے مطابق سائبر جرائم کی روک تھام، ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی اور متاثرین کو ان کی رقوم واپس دلانے کے لیے اقدامات جاری رکھے جائیں گے۔



