کرکٹ سیریزکی سکیورٹی ڈیوٹی کے دوران ڈولفن فورس کا اہلکاراپنی ہی رائفل سے زخمی

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے)راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور انگلینڈ کے درمیان سہ ملکی ون ڈے کرکٹ سیریز کے لیے سیکیورٹی ڈیوٹی کے دوران ڈولفن فورس کا اہلکار اپنی ہی رائفل سے اچانک گولی چلنے کے باعث زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
حکام کے مطابق اہلکار ڈبل روڈ سے فیض آباد تک سیکیورٹی روٹ پر پٹرولنگ ڈیوٹی انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کی رائفل زمین پر گر گئی۔ اہلکار نے مقررہ طریقۂ کار کے مطابق رائفل اٹھانے کے بعد میگزین الگ کیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ رائفل زمین پر گرنے کے باعث لوڈ ہوگئی تھی اور گولی چیمبر تک پہنچ گئی۔ اہلکار نے چیمبر خالی ہونے کی جانچ کے لیے رائفل کا رخ زمین کی جانب کرکے ٹریگر دبایا تو اچانک گولی چل گئی، جو اس کے پاؤں میں لگی۔
زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لیے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی تفصیلات حکام کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق سامنے آئی ہیں۔



