سلمان علی آغا کی دھواں دار سنچری، پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا

راولپنڈی (جانو ڈاٹ پی کے) سلمان علی آغا کی سنچری، پاکستان نے سری لنکا کو 306 رنز کا ہدف دے دیا۔راولپنڈی میں ون ڈے ٹرائی سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان کی پوری ٹیم 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 107 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ بابر اعظم نے 45 اور وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ نے 39 رنز بنائے۔ سعد بیگ نے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا۔
پاکستانی ٹیم میں صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، حسن نواز، سلمان علی آغا، سعد بیگ، منہاس عرفات، فہیم اشرف، کپتان شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل تھے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق لیگ اسپنرز شاداب خان اور سفیان مقیم بیماری کے باعث پہلے میچ میں شرکت نہیں کرسکے۔ دونوں کھلاڑیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ سیریز کے بقیہ میچز میں ان کی شرکت کا فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔



