پاکستان کا پہلا خلا باز25نومبر کو چین سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا،احسن اقبال

نارووال (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کے وژن کے تحت سپارکو کے تعاون سے نارووال میں پہلی مرتبہ عالمی ورلڈ اسپیس ویک 2026 منایا گیا، جس کا مقصد نوجوان نسل میں خلائی علوم، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق شعور اجاگر کرنا ہے۔وزارت منصوبہ بندی کے مطابق ورلڈ اسپیس ویک کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ 25 نومبر کو پاکستان کا پہلا خلا باز چین کے خلائی مرکز سے خلائی مشن پر روانہ ہوگا، جبکہ پاکستان نے 2035 تک چاند پر لینڈنگ کا ہدف مقرر کیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ چین کے تعاون سے پاکستان خلائی تحقیق کے میدان میں نئی بلندیوں کو چھوئے گا۔ خلائی ٹیکنالوجی زراعت، مواصلات، موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، تعلیم اور قومی سلامتی سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ خلائی تحقیق مستقبل کی ترقی، سائنسی دریافتوں اور انسانی علم کے فروغ کے لیے ناگزیر ہے۔ نوجوانوں میں سائنسی تجسس، تحقیق اور علم کے حصول کا جذبہ پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قرآن مجید انسان کو کائنات کی تخلیق پر غور و فکر کی دعوت دیتا ہے، جبکہ مسلمان سائنس دان ماضی میں فلکیات اور سائنسی تحقیق کے میدان میں نمایاں مقام رکھتے تھے۔ پاکستان کو بھی علم و تحقیق کے شعبوں میں اپنی قیادت دوبارہ حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کرنا ہوں گی۔

مزید خبریں

Back to top button