آبنائے ہرمز پھر بند! ایرانی پاسداران انقلاب کی دنیا بھر کے جہازوں کو سخت وارننگ، خلاف ورزی کرنے والوں کو تباہی کی دھمکی

ایرانی سرکاری خبر ایجنسی ارنا کے مطابق پاسداران انقلاب نیوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمدورفت ممنوع ہے اور ایرانی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے جہاز تباہی کا سامنا کرسکتے ہیں۔ اس بیان سے خطے میں بحری کشیدگی مزید بڑھنے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔
پاسداران انقلاب کے دعوے کے مطابق آج صبح 20 لاکھ بیرل سے زائد خام تیل لے جانے والا ایک سپر ٹینکر غیر مجاز راستے سے آبنائے ہرمز عبور کرنے کی کوشش کے دوران بحری بارودی سرنگ سے ٹکرا گیا اور آگ کی لپیٹ میں آگیا۔ تاہم اس واقعے کی آزاد ذرائع سے تصدیق کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔
رپورٹ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران متعدد بحری واقعات کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔ متحدہ عرب امارات سے منسلک ٹینکر ’ایم ٹی ایس ٹی 3‘ میں دھماکے کے بعد آگ لگنے، سعودی ساحل کے قریب دو دیگر ٹینکرز پر حملوں اور 13 اکتوبر کو ایک کنٹینر شپ ڈوبنے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
بھارتی وزارت جہاز رانی کے مطابق 15 بھارتی عملے کے ارکان پر مشتمل ایک ٹینکر بھی میزائل حملے کی زد میں آیا، تاہم تمام عملہ محفوظ رہا۔
پاسداران انقلاب کے ترجمان سردار محبی نے آبنائے ہرمز کی بندش سے متعلق اپنے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ راستہ کھلا ہوتا تو روزانہ تقریباً 125 جہاز اور 2 کروڑ بیرل تیل اس سے گزرتے۔ ان کے بقول چند جہازوں کی محدود نقل و حرکت کو آبنائے کے مکمل طور پر کھلے ہونے کا ثبوت نہیں سمجھا جا سکتا۔
آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک اہم ترین راستہ ہے، جہاں سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد تیل کی کھپت کے مساوی مقدار گزرتی ہے۔ انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے بھی خبردار کیا ہے کہ سمندر میں موجود اور نہ ہٹائی گئی بارودی سرنگیں جہاز رانی کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔



