مسلمان مخالف نعروں پر فیفا کی سزا، اسپینش فٹبال فیڈریشن عدالت پہنچنے کو تیار

میڈرڈ (جانو ڈاٹ پی کے)اسپینش فٹبال فیڈریشن نے مصر کے خلاف دوستانہ میچ کے دوران مسلمان مخالف نعروں پر فیفا کی جانب سے عائد پابندیوں کے خلاف کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت (سی اے ایس) سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ فیفا میں اپیل مسترد ہونے کے بعد اسپینش فیڈریشن نے سزا کو چیلنج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق فیفا نے اسپینش فٹبال فیڈریشن پر 20 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کیا تھا، جبکہ آئندہ ہوم فرینڈلی میچ میں اسٹیڈیم کی کم از کم 15 فیصد نشستیں بند رکھنے کا حکم بھی دیا تھا۔

یہ واقعہ مارچ میں بارسلونا کے قریب واقع آر سی ڈی ای اسٹیڈیم میں اسپین اور مصر کے درمیان ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھیلے گئے دوستانہ میچ کے دوران پیش آیا تھا۔ مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا، تاہم میچ کے دوران بعض شائقین کی جانب سے مسلمانوں کے خلاف نعرے لگائے گئے، جس پر اسٹیڈیم انتظامیہ نے انتباہ جاری کیا۔

اسپین کے مسلمان فٹبالر لامین یامل نے بھی ان نعروں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابل برداشت قرار دیا تھا۔

اسپینش فٹبال فیڈریشن کا مؤقف ہے کہ واقعے کے بعد فوری کارروائی کی گئی اور متعلقہ حکام کے ساتھ مکمل تعاون کیا گیا۔ فیڈریشن نے سزا کو سخت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے نعروں کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے تھے۔

دوسری جانب فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی کے مطابق امتیازی رویے کا تعین کرتے وقت صرف واضح توہین آمیز الفاظ ہی نہیں بلکہ ان کے سیاق و سباق کو بھی مدنظر رکھا جاتا ہے۔ اب اسپینش فیڈریشن کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت سے سزا پر نظرثانی کی امید رکھتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button