سائنس دانوں نے سبز رنگ کے منفرد ستارے کا سراغ لگا لیا

نیویارک (ویب ڈیسک) سائنس دانوں نے ایک ایسے منفرد ستارے کا پتا لگایا ہے جو انسانی آنکھ کو سبز رنگ کا دکھائی دے سکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ ستارہ عام ستاروں سے مختلف ہے اور اس کا مطالعہ کائنات میں ستاروں کی ساخت اور سیاروں کی تاریخ سے متعلق اہم معلومات فراہم کر سکتا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ تحقیق برطانیہ کی یونیورسٹی آف واروک کے ماہرِ فلکیات مارک ہالینڈز اور ان کے ساتھیوں نے کی۔ محققین نے زمین کے قریب موجود 151 سفید بونے ستاروں کا جائزہ لیا، جن میں سے بعض کی رنگت عام ستاروں سے مختلف پائی گئی۔
تحقیق کے نتائج سائنسی جریدے آر اے ایس تکنیک اینڈ انسٹرومنٹس (RASTI) میں شائع ہوئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق سفید بونے ایسے ستارے ہوتے ہیں جو اپنی زندگی کا بیشتر حصہ گزار چکے ہوتے ہیں۔ سورج جیسے ستارے بھی اپنے ارتقائی سفر کے آخری مرحلے میں سفید بونے کی شکل اختیار کر سکتے ہیں۔ یہ ستارے جسامت میں چھوٹے، لیکن مادے کی کثافت کے لحاظ سے انتہائی بھاری ہوتے ہیں۔
عام طور پر ستارے نارنجی، سفید یا نیلے رنگ میں دکھائی دیتے ہیں، تاہم بعض سفید بونوں کی رنگت مختلف ہو سکتی ہے۔ سائنس دانوں کے مطابق اس کی ایک ممکنہ وجہ ان کی بیرونی تہوں میں موجود مختلف کیمیائی عناصر ہیں۔
تحقیق کے مطابق زیرِ مطالعہ منفرد ستارے میں کیلشیم، سوڈیم اور لیتھیم جیسے عناصر موجود ہیں۔ یہ عناصر ستارے سے خارج ہونے والی روشنی کے بعض حصوں کو جذب کرکے اس کے ظاہری رنگ پر اثر انداز ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں اس کی رنگت عام ستاروں سے مختلف دکھائی دیتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے غیر معمولی ستاروں کا مزید مطالعہ کائنات میں ستاروں کے ارتقا اور ان کے گرد موجود مادے کی تاریخ کو سمجھنے میں مدد دے سکتا ہے۔



