سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی کی بازیابی کی درخواستیں 20 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) پشاور ہائیکورٹ نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی کی بازیابی کے لیے دائر درخواستیں سماعت کے لیے مقرر کر دی ہیں، جن پر 20 اکتوبر کو سماعت ہوگی۔
رپورٹ کے مطابق سہیل آفریدی کی بازیابی کے لیے ان کے بھائی محمد عامر آفریدی نے رٹ درخواست دائر کر رکھی ہے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کو سی سی پی او پشاور کی موجودگی میں مسلح اور نقاب پوش افراد نے اغوا کیا۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا ہے کہ صوبے کے منتخب چیف ایگزیکٹو کو اغوا کرنا آئین، قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ درخواست میں یہ خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے کہ سہیل آفریدی کی جان اور آزادی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔
درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ سہیل آفریدی کو فوری طور پر بازیاب کرا کے عدالت کے سامنے پیش کرنے کا حکم دیا جائے۔
پشاور ہائیکورٹ نے سہیل آفریدی اور اسپیکر بابر سلیم سواتی کی بازیابی سے متعلق درخواستیں 20 اکتوبر کو سماعت کے لیے مقرر کی ہیں۔



