پنجاب میں سی ٹی ڈی کے 91 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 8 مبینہ دہشت گرد گرفتار

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے پنجاب بھر میں 91 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 8 مبینہ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا، جن کے قبضے سے دھماکہ خیز مواد، 2 ہینڈ گرنیڈ، 3 ڈیٹونیٹرز اور 20 فٹ فیوز وائر برآمد ہونے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت شہزاد، محمود، نعمان، عدنان اور فاروق کے ناموں سے ہوئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف 7 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں، جبکہ ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ پنجاب بھر میں رواں ہفتے کے دوران انسدادِ دہشت گردی کے سلسلے میں 1,484 کومبنگ آپریشنز بھی کیے گئے۔ ان کارروائیوں کے دوران 77 مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔

سی ٹی ڈی کے مطابق کومبنگ آپریشنز کے دوران مجموعی طور پر 50 ہزار 865 افراد کی جانچ پڑتال کی گئی تاکہ مشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جاسکیں۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے اور محفوظ پنجاب کے ہدف کے حصول کے لیے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button