چیف جسٹس عالیہ نیلم کے اہم اقدامات، گوجرانوالہ سمیت 4 عدالتی مراکز میں جدید سہولتوں کا افتتاح

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے وکلا اور سائلین کی فلاح و بہبود اور عدالتی مراکز میں سہولتوں کی فراہمی کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے گوجرانوالہ، وزیرآباد، کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں مکمل ہونے والے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کر دیا۔

ان منصوبوں میں خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار رومز، خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن رومز، خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریاز، فیملی میٹنگ و وزیٹیشن رومز، ای لائبریریز اور عدالتوں سمیت متعلقہ دفاتر کی سولرائزیشن شامل ہے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی ہدایات پر ضلع گوجرانوالہ اور اس کی تحصیلوں میں وکلا، بالخصوص خواتین وکلا، عدالتی عملے اور سائلین کی سہولت کے لیے یہ منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کیے گئے ہیں۔ ان کا مقصد عدالتی نظام میں بنیادی سہولتوں کو بہتر بنانا، خواتین کو سازگار ماحول فراہم کرنا اور عدالتوں میں آنے والے شہریوں کی مشکلات کم کرنا ہے۔

افتتاحی دورے کے موقع پر چیف جسٹس عالیہ نیلم نے گوجرانوالہ اور مختلف تحصیلوں کے عدالتی مراکز کا دورہ کیا، جہاں ماتحت عدلیہ کے ججز اور بار کے نمائندوں نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور پھول پیش کیے۔ اس موقع پر جسٹس سید شہباز رضوی بھی موجود تھے۔

گوجرانوالہ میں پہلی مرتبہ خواتین کے لیے خصوصی سہولتیں

گوجرانوالہ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر میں پہلی مرتبہ چیف جسٹس عالیہ نیلم کی ہدایات پر خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار روم اور خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن روم قائم کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عدالتوں اور بار رومز میں ای لائبریریوں کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔

بار رومز کی سولرائزیشن کے ساتھ عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کے لیے ہائبرڈ آف گرڈ سولر سسٹم بھی مکمل کیا گیا ہے، جس کا مقصد بجلی کی فراہمی بہتر بنانا اور لوڈشیڈنگ کے اثرات کم کرنا ہے۔

وزیرآباد میں خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریا قائم

وزیرآباد کے عدالتی مرکز میں خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن روم، خواتین سائلین کے لیے انتظار گاہ، فیملی میٹنگ و وزیٹیشن روم اور عدالتوں کے لیے ای لائبریری قائم کی گئی ہے۔ عدالتی عمارتوں اور متعلقہ دفاتر کے لیے ہائبرڈ آف گرڈ سولر سسٹم کی تنصیب کا منصوبہ بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔

کامونکی اور نوشہرہ ورکاں میں بھی جدید سہولتیں

کامونکی کے عدالتی مرکز میں خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار روم، خواتین عملے کے لیے کامن روم، خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریا اور فیملی میٹنگ و وزیٹیشن روم قائم کیے گئے ہیں۔ یہاں ای لائبریری کے قیام کے ساتھ عدالتوں اور متعلقہ دفاتر کی سولرائزیشن کا منصوبہ بھی مکمل کیا گیا ہے۔

اسی طرح نوشہرہ ورکاں کے عدالتی مرکز میں خواتین وکلا کے لیے لیڈیز بار روم، خواتین عدالتی عملے کے لیے کامن روم، خواتین سائلین کے لیے ویٹنگ ایریا اور فیملی میٹنگ و وزیٹیشن روم کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ای لائبریری اور عدالتی عمارتوں سمیت متعلقہ دفاتر کی سولرائزیشن بھی منصوبوں کا حصہ ہے۔

یہ تمام ترقیاتی منصوبے اے جے ڈی ایف کے تحت مکمل کیے گئے ہیں، جن میں بالخصوص خواتین وکلا، خواتین عدالتی عملے اور خواتین سائلین کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔

منصوبوں کی تکمیل سے عدالتی مراکز میں بنیادی سہولتوں کی بہتری، قانونی تحقیق کے لیے جدید وسائل تک رسائی اور عدالتوں میں آنے والے سائلین کے لیے زیادہ موزوں ماحول کی فراہمی میں مدد ملے گی۔

گوجرانوالہ کی وکلا تنظیموں نے عدالتی مراکز میں سہولتوں کی فراہمی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کے اقدامات کو سراہتے ہوئے انہیں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button