آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ گر کر تباہ، 2 افراد ہلاک

کینبرا(ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں چھوٹا طیارہ حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار 2 افراد ہلاک ہو گئے۔
عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی پولیس نے بتایا کہ حادثہ جمعہ کی دوپہر مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 55 منٹ پر پیش آیا۔ چھوٹا طیارہ سڈنی سے تقریباً 200 کلومیٹر شمال مغرب میں واقع قصبے سکون کے ایک چھوٹے ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہوا۔
پولیس کے مطابق طیارے میں سوار دونوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے، تاہم تاحال ان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
حادثے کے بعد پولیس نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو اور تفریحی ہوا بازی کے ادارے ریکریشنل ایوی ایشن آسٹریلیا کو بھی واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
آسٹریلوی ٹرانسپورٹ سیفٹی بیورو کے مطابق ادارہ حادثے سے متعلق معلومات جمع کر رہا ہے تاکہ واقعے کے حالات اور ممکنہ وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
حکام کی جانب سے حادثے کی حتمی وجہ اور ہلاک ہونے والے افراد کی شناخت کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔



