ایران کی سعودی عرب اور یمن کے اختلافات ختم کرانے کیلئے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے سعودی عرب اور یمن کے درمیان اختلافات ختم کرانے کے لیے سفارتی کردار ادا کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں فریقوں کی درخواست پر تہران اپنے تمام سفارتی وسائل بروئے کار لانے کے لیے تیار ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی عرب اور یمن کے تنازع پر ایران کا مؤقف واضح کیا۔ انہوں نے یمن کی جانب سے سعودی عرب کے خلاف جوابی کارروائیوں میں ایران کے کردار سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا۔
اسماعیل بقائی کا کہنا تھا کہ ایران ہمیشہ سے تنازعات کے خاتمے کے لیے اپنی سفارتی صلاحیتیں اور کوششیں استعمال کرنے پر آمادہ رہا ہے۔ اگر سعودی عرب اور یمن دونوں اس حوالے سے درخواست کریں تو ایران مسئلے کے حل کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے زور دیا کہ خطے کے ممالک اور وسیع تر اسلامی دنیا کو سعودی عرب اور یمن کے درمیان تنازع ختم کرانے اور علاقائی کشیدگی میں کمی لانے کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں کرنی چاہئیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ علاقائی ممالک باہمی تعاون اور سفارت کاری کے ذریعے اختلافات کے خاتمے اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔



