چین کا اسرائیل سے مغربی کنارے میں بستیوں کا قیام روکنے اور فیصلہ واپس لینے کامطالبہ

بیجنگ (جانو ڈاٹ پی کے)چین کے وزیر خارجہ وانگ یی نے اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ پر زور دیا ہے کہ اسرائیل مغربی کنارے میں نئی بستیوں کے قیام کا فیصلہ روکے اور اسے واپس لے۔ چین نے فلسطین کے مسئلے کو تاریخی ناانصافی قرار دیتے ہوئے دو ریاستی حل کو تنازع کے خاتمے کا درست راستہ قرار دیا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے مطابق وانگ یی نے آذربائیجان میں اسرائیلی صدر سے ملاقات کے دوران کہا کہ مسئلہ فلسطین اس صدی کی سب سے بڑی تاریخی ناانصافی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امن اور مفاہمت کا فروغ چین کی مشرقِ وسطیٰ پالیسی کا بنیادی ستون ہے۔
وانگ یی نے کہا کہ چین دو ریاستی حل کو فلسطین کے مسئلے کے حل کا درست راستہ سمجھتا ہے، جبکہ فوری ترجیح غزہ کی پٹی تک رسائی مکمل طور پر کھولنا ہونی چاہیے تاکہ انسانی بحران مزید سنگین نہ ہو۔
چینی وزیر خارجہ نے زور دیا کہ اسرائیل کو مغربی کنارے میں بستیوں کے جبری قیام کو روکنا اور اس حوالے سے کیے گئے فیصلے واپس لینے چاہییں۔
چین کے اس بیان میں فلسطینی مسئلے کے سیاسی حل، غزہ میں انسانی امداد کی رسائی اور مغربی کنارے میں بستیوں کی تعمیر روکنے پر زور دیا گیا ہے۔



