پنجگور کےنوجوان شہاب نے رضاکارانہ طورپرسرنڈر کردیا،ریاست واپس آنے والے نوجوانوں کا خیرمقدم کرتی ہے،شاہدرند

وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا کہ پہاڑوں پر موجود نوجوانوں کو ورغلایا گیا ہے اور ریاست واپس آنے والوں کا خیرمقدم کرتی ہے۔ انہوں نے بلوچستان کے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ریاست کے ساتھ جڑیں اور امن کے قیام میں اپنا کردار ادا کریں۔
شاہد رند کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں آخری دہشت گرد کی موجودگی تک دہشت گردی کے خلاف مشن جاری رہے گا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان کا اس معاملے پر واضح وژن اور مؤقف ہے۔
پریس کانفرنس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ 6 دہشت گرد گرفتار کیے جا چکے ہیں اور ریاست لوگوں کو سرنڈر کرنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔
ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت نے کہا کہ بلوچستان میں 300 سے زائد انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز (آئی بی اوز) کیے جا چکے ہیں۔ ان کے مطابق دہشت گرد نت نئے طریقوں سے حملے کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تاہم کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر اداروں کے تعاون سے کارروائیاں کامیاب بنائی گئیں۔



