رسول بخش دل قتل کیس:2 پولیس اہلکاروں کی ضمانت مسترد،ملزمان گرفتار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) 11 جولائی 2026 کو ڈِپلو تھانے کی پولیس کے مبینہ تشدد سے قتل ہونے والے رسول بخش دل کے کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ون مٹھی، محمد فاضل بھویو نے آج 14 اکتوبر 2026 کو کیس میں نامزد دو پولیس اہلکاروں سپاہی حاجی محمد عرف سلمان سندھی مورو اور ہیڈ کانسٹیبل (HC) جیت مل بھیل کی ضمانت مسترد کر دی، جس کے بعد دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ دوسری جانب اسی ایف آئی آر میں نامزد ایس ایچ او اصغر علی قائمخانی تاحال مفرور بتایا جا رہا ہے۔ مقتول رسول بخش دل کے کیس کی پیروی بیرسٹر منور علی دل کر رہے ہیں، جبکہ کیس کی تفتیش ایف آئی اے میرپورخاص برانچ کی جانب سے کی جا رہی ہے۔ کیس میں دو ملزمان کی ضمانت مسترد ہونے اور گرفتاری کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ مفرور ایس ایچ او کی گرفتاری اور کیس کی مزید کارروائی کے حوالے سے پیش رفت کا انتظار ہے۔



