لاہور میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے رکشہ ڈرائیونگ تربیتی پروگرام شروع

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر خواتین کو باعزت روزگار فراہم کرنے اور معاشی طور پر خودمختار بنانے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے رکشہ ڈرائیونگ تربیتی پروگرام شروع کر دیا، جس کے تحت ابتدائی طور پر 34 خواتین کو رکشہ چلانے کی تربیت فراہم کی گئی ہے۔
نجی یونیورسٹی کے تعاون سے منعقد کیے گئے اس پروگرام کے تحت ڈرائیونگ اسکول بحریہ ٹاؤن اور مناواں میں خواتین کو رکشہ چلانے کی تربیت دی گئی۔ اس اقدام کا مقصد خواتین کو ڈرائیونگ کی مہارت سکھانے کے ساتھ ان کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا اور انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ رکشہ ڈرائیونگ ٹریننگ پروگرام کا بنیادی مقصد خواتین کو باعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ تربیت مکمل کرنے والی خواتین خود رکشہ چلا کر آمدنی حاصل کر سکیں گی اور اپنے خاندانوں کی مالی معاونت میں کردار ادا کر سکیں گی۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے خواتین کو صرف ڈرائیونگ کی تربیت ہی نہیں دی جا رہی بلکہ انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے اور خودمختار زندگی گزارنے کا موقع بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔
سید عبدالرحیم شیرازی کا کہنا تھا کہ معاشرتی اور سماجی ترقی کے لیے مردوں کے ساتھ خواتین کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ خواتین کو بااختیار بنانے سے معاشرے میں مثبت تبدیلی لائی جا سکتی ہے۔ لاہور ٹریفک پولیس خواتین کی خودمختاری، باعزت روزگار اور معاشی استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گی۔
واضح رہے کہ لاہور میں خواتین کو ڈرائیونگ سکھانے کے لیے کار اور اسکوٹی کے 12 ڈرائیونگ اسکول قائم کیے جا چکے ہیں، جہاں اب تک 16 ہزار سے زائد خواتین کو تربیت فراہم کی گئی ہے۔ رکشہ ڈرائیونگ تربیتی پروگرام بھی اسی سلسلے کی توسیع ہے، جس کا مقصد خواتین کے لیے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنا اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانا ہے۔



