مریم نواز نے لائیو سٹاک کارڈ فیز 2 کا افتتاح کر دیا، فارمرز کو 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے ملیں گے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لائیو سٹاک کارڈ فیز 2 کا افتتاح کر دیا، جس کے تحت صوبے کے فارمرز کو مجموعی طور پر 16 ارب 20 کروڑ روپے کے بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے۔ نئے مرحلے میں فی مویشی 27 ہزار روپے قرض دینے کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
افتتاحی تقریب کے دوران دی جانے والی بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائیو سٹاک کارڈ فیز 1 کے تحت فراہم کیے گئے قرضوں کی واپسی کی شرح 96 فیصد رہی، جو اسکیم کے مؤثر استعمال اور قرضوں کی واپسی کے حوالے سے اہم پیش رفت قرار دی گئی۔
بریفنگ کے مطابق لائیو سٹاک کارڈ فیز 2 کے تحت فارمرز کو قرض کی رقم کا 25 فیصد حصہ اے ٹی ایم کے ذریعے نقد حاصل کرنے کی سہولت بھی دی جائے گی، جس سے انہیں مویشیوں کی دیکھ بھال اور دیگر ضروری اخراجات پورے کرنے میں مدد مل سکے گی۔
تقریب میں پنجاب سے گوشت کی برآمدات بڑھانے کے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی گئی۔ حکام کے مطابق سعودی عرب، چین، آذربائیجان اور یورپی منڈیوں میں گوشت برآمد کرنے کے معاہدے کیے گئے ہیں، جبکہ پنجاب کی گوشت کی برآمدات میں ایک سال کے دوران 9 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
لائیو سٹاک کارڈ فیز 2 کا مقصد فارمرز کو مالی معاونت فراہم کرنا، مویشی پالنے کے شعبے کو فروغ دینا اور گوشت کی پیداوار و برآمدات میں اضافے کے ذریعے صوبے کی معیشت کو مضبوط بنانا ہے۔



