کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ تباہ، میجر اور کیپٹن شہید

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے) کوئٹہ کے قریب پاک فوج کا مشاق تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور طالبعلم پائلٹ کیپٹن عبدالصمد شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثہ کوئٹہ کے علاقے نواں کلی کے قریب پیش آیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق تربیتی طیارہ تکنیکی خرابی کے باعث گر کر تباہ ہوا، جس کے نتیجے میں دونوں پائلٹس جان کی بازی ہار گئے۔

آئی ایس پی آر نے شہید ہونے والے پائلٹس کی شناخت انسٹرکٹر پائلٹ میجر حسنین شہزاد ہمایوں اور طالبعلم پائلٹ کیپٹن عبدالصمد کے ناموں سے کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا اظہارِ افسوس

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کوئٹہ کے قریب پاک فوج کے تربیتی طیارے کے حادثے میں دونوں پائلٹس کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے، انہیں جوارِ رحمت میں جگہ عطا کرے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابلِ تلافی نقصان برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ملک کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کا فخر ہیں۔ قوم شہداء کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور ان کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔

مزید خبریں

Back to top button