بدین میں آٹے کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچ گئی فی کلو 170 سے 180 روپے میں فروخت،شہری پریشان

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ / پی کے)شہر میں آٹے کی قیمتیں بلند ترین سطح پر پہنچنے کے باعث غریب اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ مارکیٹ میں آٹا 170 سے 180 روپے فی کلو فروخت ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے باعث روزانہ اجرت پر کام کرنے والے محنت کشوں کے لیے اپنے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہوگیا ہے۔ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے پہلے ہی عوام کی کمر توڑ رکھی ہے، جبکہ آٹے جیسی بنیادی غذائی ضرورت کی قیمتوں میں اضافے نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے شہریوں کا کہنا ہے کہ آٹے کی قیمتوں پر حکومتی اور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مؤثر نگرانی نہ ہونے کے باعث دکاندار مبینہ طور پر اپنی مرضی کے نرخ مقرر کرکے آٹا فروخت کررہے ہیں، جبکہ انہیں پوچھنے والا کوئی نظر نہیں آتا۔ شہریوں نے حکومت سندھ، نئی تعینات ہونے والی ڈپٹی کمشنر بدین اور اسسٹنٹ کمشنر بدین سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا فوری نوٹس لیا جائے، مارکیٹ میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور منافع خوری کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے، تاکہ غریب عوام کو بنیادی غذائی ضرورت مناسب قیمت پر میسر آسکے



