میناب اسکول حملے پر مزید مقدمات کی تیاری،ایران غیر ملکی وکلا کوشواہدفراہم کرنے کیلئے تیار

تہران (جانو ڈاٹ پی کے) ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے دعویٰ کیا ہے کہ میناب اسکول حملے کے معاملے پر امریکا کے خلاف قانونی کارروائیوں میں غیر ملکی وکلا بھی شامل ہو رہے ہیں، جبکہ یورپ اور امریکا سے تعلق رکھنے والے وکلا واشنگٹن کے خلاف مقدمات دائر کرنے کے لیے رضاکارانہ طور پر آگے آ رہے ہیں۔

ایک انٹرویو میں کاظم غریب آبادی نے کہا کہ متعدد غیر ملکی قانونی ٹیموں نے میناب اسکول حملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں اور اس واقعے کے حوالے سے امریکا کے خلاف متعلقہ ممالک کی عدالتوں میں مقدمات بھی دائر کیے گئے ہیں۔

ایرانی نائب وزیر خارجہ نے زور دیا کہ سانحے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے مختلف ممالک کی عدالتوں میں مزید مقدمات دائر کیے جانے چاہییں۔ ان کے مطابق ایران اس مقصد کے لیے قانونی کارروائی کرنے والے غیر ملکی وکلا کو شواہد فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔

کاظم غریب آبادی نے دعویٰ کیا کہ میناب اسکول پر امریکی حملے میں طلبہ، اساتذہ اور والدین سمیت 168 افراد شہید ہوئے۔ ان کے مطابق یہ حملہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت کے پہلے روز کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بچوں سے بھرے اسکول کو نشانہ بنانا انسانیت کے خلاف واضح جنگی جرم ہے اور امریکا کو اس سانحے کا جواب دہ ٹھہرانا ضروری ہے۔ تاہم یہ الزامات ایرانی نائب وزیر خارجہ کے بیان سے منسوب ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ میناب اسکول سانحے کے حوالے سے ایرانی عدلیہ باضابطہ فردِ جرم جاری کرچکی ہے، جبکہ ایران امریکا کے خلاف غیر ملکی عدالتوں میں مزید مقدمات دائر کرنے کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button