ولاسائی ہاؤس کلوئی میں ایم پی اے سریندر ولاسائی کی کھلی کچہری، عوامی مسائل اور شکایات کے انبار

تھرپارکر(رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ولاسائی ہاؤس کلوئی میں بلاول ہاؤس میڈیا سیل کے انچارج اور رکن سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی کی جانب سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں ضلع تھرپارکر کے مختلف علاقوں سے آنے والے شہریوں نے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات پیش کیں۔

کھلی کچہری کے دوران اجتماعی چراگاہوں اور عوامی راستوں پر بااثر افراد کے مبینہ قبضوں، چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں اور پولیس کی مبینہ خاموشی، پانی کی قلت، محکمہ تعلیم اور دیگر سرکاری محکموں سے متعلق مسائل پر شہریوں نے شکایات کے انبار لگا دیے۔

اس موقع پر دیوی کی لکڑیوں سے متعلق معاملات اور اساتذہ کے مبینہ جبری تبادلوں کی شکایات بھی سامنے آئیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے مسائل کا فوری نوٹس لے کر عملی اقدامات کیے جائیں۔

ایم پی اے سریندر ولاسائی نے شہریوں کی شکایات سنیں اور متعدد مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران سے رابطہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر مسائل کے حل کے لیے بروقت اقدامات کیے جائیں۔

سریندر ولاسائی نے یقین دہانی کرائی کہ عوام کے جائز مسائل کے حل کے لیے متعلقہ حکام سے رابطے جاری رکھے جائیں گے اور عوام کو درپیش مشکلات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔

کھلی کچہری کا مقصد عوام کو اپنے مسائل براہِ راست منتخب نمائندے کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا اور متعلقہ محکموں کے ذریعے ان کے حل کو یقینی بنانا تھا۔

مزید خبریں

Back to top button