سعودی عرب اور خلیجی کشیدگی کے اثرات،پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر پروازیں متاثر،مسافروں کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے)سعودی عرب اور خلیجی ممالک میں جاری کشیدگی کے باعث لاہور سمیت پاکستان بھر کے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن متاثر ہونے لگا، متعدد پروازیں تاخیر اور منسوخی کا شکار ہوگئیں۔ متاثرہ مسافروں کی مشکلات کم کرنے کے لیے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے خصوصی سہولت کاؤنٹر قائم کر دیا ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق سعودی عرب کے مختلف شہروں کے لیے براہِ راست پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث مسافروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ صورتِ حال کے پیش نظر ایئرپورٹس پر مسافروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

حکام کے مطابق لاہور ایئرپورٹ پر سہولت کاؤنٹر بین الاقوامی روانگی کے دروازے کے سامنے لیول ٹو پر قائم کیا گیا ہے، جہاں پروازوں کی منسوخی یا تاخیر سے متاثرہ مسافروں کو ضروری معلومات اور رہنمائی فراہم کی جائے گی۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے متعلقہ ایئرلائنز کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے نمائندے سہولت کاؤنٹر پر تعینات کریں تاکہ مسافروں کو پروازوں کی تازہ ترین صورتحال، روانگی کے نئے اوقات اور دیگر ضروری معلومات بروقت فراہم کی جاسکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ایئرلائنز کے نمائندوں کے ساتھ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کا عملہ بھی کاؤنٹر پر موجود ہوگا، جو مسافروں کی رہنمائی اور ایئرلائنز سے رابطے میں معاونت کرے گا۔اتھارٹی نے ایئرلائنز کو مسافروں کے ساتھ مکمل تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کے باعث پیدا ہونے والی مشکلات کو کم کرنا ہے۔دوسری جانب مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایئرپورٹ روانہ ہونے سے پہلے اپنی متعلقہ ایئرلائن سے پرواز کے شیڈول اور روانگی کے وقت کی تصدیق ضرور کرلیں۔

مزید خبریں

Back to top button