پٹرولیم لیوی ختم کریں،ورنہ سڑکوں پرملاقات ہوگی،حافظ نعیم کاوزیراعظم کوپیغام

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے اعلان کیا کہ دو روز بعد اجلاس کے بعد لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز ملتان سے کیا جائے گا اور چاروں اطراف سے اسلام آباد کی جانب پیش قدمی کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ پیٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کل اوکاڑہ میں جلسہ کرے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جب پیٹرولیم لیوی ختم کرنے کی بات کی جاتی ہے تو حکومت معاملے کو آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط کردیتی ہے، حالانکہ ان کے بقول لیوی کا آئی ایم ایف سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو احتجاج اور فساد چاہیے، تاہم جماعت اسلامی ایسا کوئی کام نہیں کرے گی۔
امیر جماعت اسلامی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک طرف پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کو آئی ایم ایف کی اجازت سے مشروط کیا جاتا ہے، جبکہ دوسری جانب بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام جاری رہتا ہے۔ انہوں نے پروگرام کے فنڈز میں کرپشن کے الزامات بھی عائد کیے اور کہا کہ حکومت کے پاس غربت کے خاتمے کے لیے کوئی واضح منصوبہ نہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے دعویٰ کیا کہ عالمی بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں غربت میں اضافہ ہورہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے مطالبے پر جماعت اسلامی اپنی مہم جاری رکھے گی۔



