شہباز شریف اور الہام علیوف کا رابطہ، پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کے قیام میں تعاون پر اتفاق

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان برادرانہ تعلقات، دیرینہ دوستی اور اسٹریٹجک شراکت داری کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات باہمی اعتماد اور اہم قومی مفادات پر ایک دوسرے کی حمایت کی بنیاد پر قائم ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان مثالی سیاسی ہم آہنگی کو مضبوط اقتصادی، سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری میں تبدیل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون میں ہونے والی پیش رفت پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔
گفتگو میں اسلام آباد میں آذربائیجان کے آسان خدمت نظام کی طرز پر قائم کیے جانے والے مرکز کی پیش رفت کا خصوصی طور پر جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس منصوبے کو دوطرفہ تعاون کے عوام کے لیے عملی فوائد کی نمایاں مثال قرار دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی درخواست پر صدر الہام علیوف نے پاکستان بھر میں آسان خدمت مراکز کے نیٹ ورک کو وسعت دینے کے لیے آذربائیجان کی مکمل معاونت اور مہارت فراہم کرنے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے اس تعاون پر آذربائیجانی صدر کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر مسلسل مشاورت اور قریبی رابطے برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے صدر علیوف کو خطے میں امن کے فروغ، مذاکرات اور کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ صدر آذربائیجان نے ان کوششوں کو سراہتے ہوئے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار کی اہمیت کا اعتراف کیا۔
گفتگو کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور آذربائیجان اپنے عوام کی ترقی، خوشحالی اور باہمی مفاد پر مبنی دیرپا تعلقات کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھیں گے۔



