ٹرمپ کی مبینہ روتے ہوئے آڈیو کا دعویٰ، حقیقت سامنے آگئی

تہران(جانو ڈاٹ پی کے) سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ تیزی سے وائرل ہو رہا ہے کہ ایران نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مبینہ آڈیو ریکارڈنگ جاری کرنے کا اعلان کیا ہے، جس میں وہ آبنائے ہرمز کھلوانے کے لیے ایرانی حکام سے منت سماجت کرتے اور روتے ہوئے سنائی دیتے ہیں، تاہم یہ دعویٰ غلط ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر گردش کرنے والی ایک پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ ایرانی حکام جلد ڈونلڈ ٹرمپ کے متعدد مبینہ آڈیو پیغامات جاری کریں گے۔ پوسٹ میں کہا گیا کہ ان آڈیوز میں امریکی صدر پہلے آبنائے ہرمز کھولنے کی درخواست کرتے ہیں، پھر دھمکیاں دیتے ہیں، رشوت کی پیشکش کرتے ہیں اور بالآخر رونے لگتے ہیں۔

وائرل دعوے میں یہ بھی کہا گیا کہ ٹرمپ آبنائے ہرمز کھلوانا چاہتے ہیں تاکہ 3 نومبر کو ہونے والے امریکی انتخابات سے قبل پیٹرول کی قیمتوں میں کمی لائی جا سکے۔

فیکٹ چیک کے مطابق اس دعوے کی تصدیق کے لیے کوئی قابلِ اعتماد ثبوت یا مستند ذریعہ سامنے نہیں آیا۔ ایران کی جانب سے ایسی کسی آڈیو ریکارڈنگ کے اعلان کی بھی معتبر طور پر تصدیق نہیں ہوئی۔

سوشل میڈیا پر سیاسی کشیدگی اور ایران، امریکا تنازع سے متعلق سنسنی خیز اور غیر مصدقہ دعوے تیزی سے پھیل رہے ہیں، اس لیے ایسی پوسٹس کو مستند ذرائع سے تصدیق کیے بغیر درست سمجھنا گمراہ کن ہو سکتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button