ننکانہ ڈی ایچ کیو میں ٹراما سنٹر کی تکمیل سے عوام کو بڑی سہولت ملے گی، ڈپٹی کمشنر

ننکانہ صاحب(رضوان سلطان:جانو ڈاٹ پی کے )ڈپٹی کمشنر ننکانہ صاحب رعنا حمید نے کہا ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ٹراما سنٹر کی تکمیل کے بعد شہریوں کو علاج معالجے کی بہتر اور بروقت سہولت میسر آئے گی۔
ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر تعمیر ٹراما سنٹر کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو انتظامات مزید بہتر بنانے کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر رعنا حمید نے کہا کہ ٹراما سنٹر کی تکمیل سے حادثات اور ہنگامی صورتحال میں مریضوں کو بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں مدد ملے گی، جبکہ شہریوں کو علاج کے لیے دیگر شہروں کا رخ کرنے کی ضرورت بھی کم ہوگی۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر رعنا حمید نے اسسٹنٹ کمشنر ننکانہ ڈاکٹر ندا اقبال کے ہمراہ گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا، جہاں بیرون ملک سے آنے والے سکھ یاتریوں کے وفد کا استقبال کیا گیا۔
ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر نے سکھ یاتریوں کو پھول پیش کیے اور ان کی آمد پر خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر یاتریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔



