پاکستان اور جرمنی میں تجارت و سرمایہ کاری بڑھانے پر اتفاق، جرمن کمپنیوں کو بڑی دعوت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے جرمن سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور جرمنی کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور کاروباری روابط مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں جام کمال خان نے جرمن کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی، جبکہ جرمن سفیر نے جی ایس پی پلس سے متعلق پاکستان کی اصلاحاتی پیش رفت کو سراہا۔

وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان جی ایس پی پلس سے متعلق اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں کی تکمیل کے لیے پُرعزم ہے۔

ملاقات کے دوران رانا احسان افضل نے پاکستانی باسمتی چاول کی جغرافیائی شناخت (جی آئی) کا معاملہ بھی جرمن سفیر کے سامنے اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ باسمتی کے کاشتکاروں، پروڈیوسرز اور برآمدکنندگان کے مفادات کا تحفظ ضروری ہے۔

رانا احسان افضل کے مطابق پاکستانی باسمتی کے جی آئی کیس کی مضبوط قانونی، تاریخی اور تجارتی بنیادیں ہیں۔ جرمن سفیر نے جغرافیائی شناخت کے مؤثر تحفظ کو زرعی برآمدات کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

جرمن سفیر نے کہا کہ پاکستان میں زراعت، فوڈ پروسیسنگ، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

جام کمال خان نے جرمن کمپنیوں کو نومبر میں کراچی میں ہونے والی فوڈ ایگ 2026 میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ نمائش پاکستان اور جرمنی کے درمیان کاروباری شراکت داری کے فروغ کے لیے اہم پلیٹ فارم ثابت ہوسکتی ہے۔

جرمن سفیر نے فوڈ ایگ میں جرمن کمپنیوں کی شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا اور بتایا کہ جرمنی میں لائیو اسٹاک کی تجارتی نمائش کے لیے پاکستانی کاروباری وفد کی تیاری جاری ہے۔

جرمن سفیر نے جام کمال خان کو 29 سے 31 اکتوبر کو سیول میں ہونے والی ایشیا پیسیفک کانفرنس آف جرمن بزنس میں شرکت کی دعوت بھی دی، جس پر وفاقی وزیر نے کانفرنس میں شرکت کے امکانات کا جائزہ لینے میں دلچسپی کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button