ریلوے کی اربوں روپے کی زمین سے ایم ایل ون کے لیے فنڈنگ، وزیراعظم کا بڑا فیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان ریلوے میں اصلاحات اور مین لائن ون (ایم ایل ون) منصوبے پر پیش رفت تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کو مضبوط، منافع بخش اور مالی طور پر خود کفیل ادارہ بنانے کے لیے کارپوریٹ طرز کی اصلاحات ناگزیر ہیں۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پاکستان ریلوے میں اصلاحات سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ایم ایل ون منصوبے، ریلوے کی اراضی کے استعمال اور ادارے کی مالی و انتظامی بہتری سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ریلوے کی قبضہ شدہ اراضی کی نشاندہی اور واگزاری کے لیے چیئرمین نیب کی سربراہی میں نیب اور وزارت ریلوے کی ٹیموں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی ترقی، مسافروں کو بہتر سفری سہولیات کی فراہمی اور فریٹ ٹرانسپورٹ میں اضافے کے لیے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔

شہباز شریف نے ہدایت کی کہ ریلوے کی اربوں روپے مالیت کی اراضی کو کمرشل بنیادوں پر مؤثر انداز میں استعمال کرتے ہوئے ایم ایل ون منصوبے کی تعمیر کو آگے بڑھایا جائے۔

وزیراعظم نے ریلوے کی اراضی پر مختلف کمرشل منصوبوں کے ذریعے بینکوں سے فنڈنگ حاصل کرکے ایم ایل ون کی تعمیر میں استعمال کرنے کی اصولی منظوری بھی دی۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریلوے کی اراضی کی تجارتی استعداد اور فنڈنگ کے امکانات کے حوالے سے دو ہفتوں میں جامع منصوبہ پیش کیا جائے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 1,726 کلومیٹر طویل ایم ایل ون منصوبے کو چار حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جن میں کراچی تا روہڑی، روہڑی تا ملتان، ملتان تا لاہور اور لاہور تا پشاور سیکشن شامل ہیں۔

کراچی تا روہڑی سیکشن کی اپ گریڈیشن کے لیے بین الاقوامی فنانسنگ سے استفادہ کیا جا رہا ہے، جبکہ دیگر حصوں کی تکمیل کے لیے مقامی وسائل سے فنڈنگ کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button