لاہور میوزیم کی بحالی کا منصوبہ6ارب59کروڑ روپے میں منظور،لاگت میں2ارب20کروڑ کااضافہ

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) لاہور میوزیم کی تاریخی عمارت کی بحالی اور اپ گریڈیشن کا نظرثانی شدہ منصوبہ تقریباً 6 ارب 59 کروڑ روپے کی لاگت سے منظور کرلیا گیا، منصوبے کی لاگت میں ستمبر 2025 کی منظوری کے مقابلے میں تقریباً 2 ارب 20 کروڑ روپے کا اضافہ ہوا ہے۔

منصوبے کی ابتدائی منظور شدہ لاگت 4 ارب 39 کروڑ روپے تھی جو نظرثانی کے بعد بڑھ کر 6 ارب 59 کروڑ روپے ہوگئی۔ محکمہ سیاحت کی جانب سے نظرثانی شدہ منصوبے کیلئے 7 ارب 2 کروڑ روپے کی منظوری طلب کی گئی تھی۔

منظور شدہ منصوبے کے تحت لاہور میوزیم کی بحالی کا کام جون 2030 تک مکمل کیا جائے گا، جبکہ منصوبے پر عملی پیش رفت شروع کرنے سے قبل یونیسکو کی رائے حاصل کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نظرثانی شدہ منصوبے میں اسلامک، انڈس اور گندھارا گیلریوں کے میزانائن فلور بھی نکال دیے گئے ہیں۔ محکمہ سیاحت کے مطابق یہ فلور 1929 کے اصل لے آؤٹ کے ساتھ بصری مطابقت نہیں رکھتے اور یونیسکو کی تجاویز کی روشنی میں انہیں منصوبے سے خارج کیا گیا ہے۔

میوزیم کی مرکزی عمارت کے تحفظ اور بحالی کیلئے تقریباً 3 ارب 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ نئے مشرقی اور مغربی بلاکس کی تعمیر کیلئے تقریباً ایک ارب 7 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

منصوبے میں فرنیچر کیلئے 39 کروڑ 91 لاکھ روپے جبکہ پروجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کیلئے 15 کروڑ 74 لاکھ روپے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

حکام نے کنسلٹنسی کی مد میں اصل اخراجات سے زائد رقم رکھنے پر تخمینے درست کرنے کی ہدایت کی ہے۔ میوزیالوجی کنسلٹنسی کیلئے 6 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے جبکہ اصل خرچ 5 کروڑ 42 لاکھ روپے بتایا گیا ہے۔ اسی طرح میوزیم کنزرویشن کنسلٹنسی کیلئے 10 کروڑ روپے رکھے گئے، جبکہ اصل اخراجات 8 کروڑ 70 لاکھ روپے بتائے گئے ہیں۔

یوں دونوں خصوصی کنسلٹنسی مدات میں اصل اخراجات کے مقابلے میں تقریباً 2 ارب 18 کروڑ نہیں بلکہ 2 کروڑ 18 لاکھ روپے زائد رقم شامل ہونے کی نشاندہی کی گئی ہے، جسے درست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

نئے بلاکس اور موجودہ عمارت کیلئے فرنیچر، آلات اور دیگر سہولتوں کی ممکنہ دہرائی ختم کرنے کا بھی حکم دیا گیا ہے۔ حکام نے ضرورت پوری کرنے کیلئے موجودہ سرکاری کنٹینرز استعمال کرنے یا ٹھیکیدار کے ذریعے مطلوبہ سہولت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

درآمدی اشیا، فرنیچر، آلات اور کنسلٹنسی کے اخراجات کا بھی دوبارہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

منصوبے کیلئے 4 گاڑیاں تقریباً 3 کروڑ 58 لاکھ روپے کی لاگت سے منظور کی گئی ہیں، جن میں 2 ہائبرڈ گاڑیاں، ایک وین اور ایک الیکٹرک کارٹ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ منصوبے کیلئے 13 اسامیوں کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

حکام نے تاریخی عمارت کا استحکام یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ میوزیم کی مستقل دیکھ بھال کیلئے ایک پائیدار کاروباری ماڈل تیار کرنے اور متعلقہ محکموں سے تمام ضروری این او سیز حاصل کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button