خیبرپختونخوا کا مستقبل؟ صدر اور وزیراعظم کے درمیان آج مشاورت ہوگی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) خیبر پختونخوا کی سیاسی و احتجاجی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری کے درمیان اہم ملاقات آج متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف شام تقریباً 4 بجے ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کریں گے، جس میں خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتحال سمیت حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان ہونے والے مذاکرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم صدر مملکت کو حالیہ اہم فیصلوں اور مذاکراتی عمل میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کریں گے۔ خیبر پختونخوا میں جاری سیاسی کشیدگی اور احتجاجی صورتحال بھی ملاقات کے ایجنڈے میں شامل ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی حالیہ دنوں میں ہونے والی اہم ملاقاتوں اور مشاورت کے حوالے سے بریفنگ دیں گے، جبکہ حکومتی اور پاکستان پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے علاوہ قانونی ماہرین بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔

ملاقات میں وزیراعظم کے ہمراہ حکومتی مذاکراتی وفد جبکہ پیپلز پارٹی کا مذاکراتی وفد بھی شرکت کرے گا۔ اجلاس میں خیبر پختونخوا کی صورتحال سے متعلق آئندہ کی حکمت عملی اور ممکنہ اقدامات پر مشاورت کیے جانے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button